چندوسی (نامہ نگار)روہیل کھنڈ تاجر یونین کا ایک جلسہ لاٹھی بازار واقع کیمپ دفتر پر منعقد ہوا۔ جلسہ میں مقررین نے شہر میں چوری کے وارداتوں کے سلسلہ میں فکرمندی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس انتظامیہ کو وارداتوں کے لئے براہ راست ذمہ دار ٹھہرایا دوسری جانب تاجر یونین نے شہر کی مصروف ترین سڑکوں اور بازاروں میں جام لگنے و غیر قانونی قبضہ پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ تاجر یونین کے صدر پروین رتنم نے کہا کہ شہر کا بجلی بندوبست مکمل طور سے ناکام ہے، جس کی وجہ سے اندھیراہونے کے بعد چور وارداتون کوا نجام دے رہے ہیں لیکن پولیس انتظامیہ اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کررہاہے۔ جنرل سکریٹری راکیش نے کہا کہ شہر کی اہم سڑکوں اور بازاروں میں تقریباً ۷۵فیصد جگہوں پر غیر قانونی قبضہ ہے۔ لیکن میونسپل بورڈ غیر قانونی قبضہ ہٹانے کے معاملے میں سنجیدہ اور غیر جانبدار نہیں ہے۔ جلسہ میں میونسپل بورڈ چیئرمین پونم چودھری وایگزیکٹو افسر سے مذکورہ مسائل کو حل کرنے کے لئے زور دیا گیا۔ جلسہ کی صدارت پروین رتنم اور نظامت راکیش نے کی۔ اس موقع پر یوگیش گولڈن راجیوپرنس، اتل گپتا، سنیل بالاجی، شیو کمار کے علاوہ راہل ورما اور شیونندن وغیرہ موجود تھے۔