نئی دہلی:بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے نوٹ بندی کی وجہ سے لوگوں کو ہونے والی پریشانی کے حل کے لئے صدر پرنب مکھرجی سے وزیر اعظم نریندر مودی کو ہدایت دینے کی آج درخواست کی۔
اترپردیش کی سابق وزیر اعلی مایاوتی نے نامہ نگاروں سے کہا کہ پانچ سو اور ایک ہزار روپے کے نوٹ پر پابندی عائد کئے جانے کے بعد لوگوں کو ہونے والی پریشانی کے حل کے لئے میں مسٹر مکھرجی سے وزیر اعظم سے بات چیت کرکے انہیں مناسب اقدامات کرنے کی ہدایت دینے کی اپیل کرتی ہوں۔محترمہ مایاوتی نے کہا کہ نوٹ بندی کے اعلان کے بعد بینک اور اے ٹی ایم کے باہر لوگوں کی لمبی قطاریں لگ رہی ہیں اور لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
فیصلے کو نافذ کئے جانے کے مدنظر حکومت کی طرف سے خاطر خواہ تیاری نہیں کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ ہم کالے دھان کے حق میں نہیں ہیں ہم اس مسئلے سے لڑنے میں حکومت کے فیصلے کے ساتھ ہیں لیکن اس سے نمٹنے کے مناسب طریقے اپنائے جانے چاہئیں۔