نئی دہلی(بھاشا) ملک کی دو پہیا گاڑی بنانے والی سب سے بڑی کمپنی ہیرو موٹو کارپ آئندہ آٹو ایکسپو(گاڑی نمائش) میں ۱۲ سے زیادہ نئے ماڈل پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے ۔ ان میں کانسپٹ اور ہائیبرڈ ماڈل بھی شامل ہیں۔ ہیرو موٹو کارپ کے ایم ڈی اور سی ای او پون منجال نے کہاکہ صحیح معنوں میں یہ پہلا موقع ہو گا جب ہم اپنی ٹیکنالوجی کے ساتھ گاڑی نمائش میں حصہ لیں گے ۔حالانکہ ہونڈا سے الگ ہونے کے بعد ہم گزشتہ آٹو ایکسپو میں بھی حصہ لے چکے ہیں ۔ نمائش سے یہ صاف ظاہر ہو گا کہ یہ کمپنی کس طرف جا رہی ہے ۔
انہوںنے کہا کہ کچھ کانسپٹ گاڑیاں ہونگی جن میں کچھ ایسی دو پہیا گاڑیاں بھی ہونگی جنہیں جلد ہی بازار میں پیش کیا جائے گا۔ منجال نے کہا کہ آٹو ایکسپو کا انعقاد گریٹر نوئیڈا کے انڈیا ایکسپو مارٹ میں کیا جائے گا۔ پانچ سے چھ فروری کا دن میڈیا کے لئے ہو گا اور عام آدمی کے لئے یہ نمائش ۷ سے ۱۱ فروری تک چلے گی۔