اسلام آباد:پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے ایک چار ستارہ ہوٹل میں آج علی الصباح بھیانک آگ لگ گئی جس میں 11 لوگوں کی موت ہو گئی اور 45 دیگر جھلس گئے ۔
پولس نے بتایا کہ شہر کے شاہراہ فیصل علاقہ کے نزدیک واقع ہوٹل ریجنٹ پلازہ کے زیرزمین واقع باورچی خانے میں لگنے والی آگ دیکھتے ہی دیکھتے ہوٹل کے دیگر کمروں میں پھیل گئی۔ واقعہ کے مقام پر پہنچے فائر بریگیڈ گاڑیوں نے ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے مہمانوں کو بحفاظت نکالنے اور آگ پر قابو پانے کا کام جنگی پیمانے پر شروع کیا ۔تین گھنٹے کی سخت مشقت کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔
اس حادثے میں 11 افراد ہلاک اور 45 سے مزید لوگ جھلس گئے ہیں۔ انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ کراچی شہر کے میئر وسیم اختر نے کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات کا فی الحال پتہ نہیں چل سکا ہے ۔ ہوٹل میں آگ لگنے کی صورت میں باہر نکلنے کا راستہ نہیں تھا اور آگ کا الارم بھی نہیں لگا ہوا تھا۔