سری نگر:دارالحکومت سری نگر میں اتوار اور پیر کی درمیانی رات رواں موسم کی اب تک کی سرد ترین رات ثابت ہوئی جس دوران کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 اعشاریہ 8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب خطہ لداخ میں لیہہ گذشتہ رات سرد ترین مقام ثابت ہوئی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔سری نگر کے علاوہ وادی کے دوسرے علاقوں میں بھی رات کے دوران سردی کی زبردست لہر پائی جارہی ہے اور مسلسل سرد اور خشک موسم رہنے کے باعث اہلیان وادی موسمی بیماریوں بشمول نزلہ اور کھانسی میں مبتلا ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں اگلے 72 گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا جس کے باعث کم سے کم درجہ حرارت میں مزید گراؤٹ درج کی جاسکتی ہے ۔
تاہم انہوں نے 10 اور 11 دسمبر کو چند ایک مقامات پر بارش یا برف باری ہونے کی پیشن گوئی کردی۔ سری نگر جہاں لوگوں کو ان دنوں غیراعلانیہ بجلی کٹوتی کا سامنا ہے ، میں گذشتہ رات رواں موسم کی اب تک کی سرد ترین رات ثابت ہوئی جس کے دوران کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 اعشاریہ 8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔سری نگر میں اس سے قبل 17 نومبر کو رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 اعشاریہ 7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اگرچہ وادی میں پیر کو دھوپ کھلی رہی، تاہم سرد ہوائیں بھی چلتی رہیں۔ وادی کی مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہل گام میں بھی منفی درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ وادی کے کئی علاقوں میں پیر کی صبح پانی کے نل اور کچھ آبی خائر منجمند پائے گئے ۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان نے کہا کہ خطہ لداخ کے لیہہ میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔