نئی دہلی: راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد نے نوٹ کی منسوخی کے بعد نقد رقم کی تنگی سے ملک میں مچنے والی افرا تفری کا ذکر کرتے ہوئے آج حکومت سے پوچھا کہ کیا ملک میں مالیاتی ہنگامی صورت حال ہے ۔ صبح ایوان کی کارروائی شروع ھونے پر مسٹر آزاد نے چیئرمین حامد انصاری سے کہا کہ پارلیمنٹ کے اے ٹی ایم میں پیسے نہیں ہیں۔ باقی ملک کے دور دراز کے دیہات کے حال کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ نوٹ کی منسوخی کے بعد نقد کی تنگی ہو گئی ہے ۔
یہ ماہ کا پہلا ہفتہ ہے ۔ ملازمین کو تنخواہ نہیں مل رہی ہے ۔ پنشن یافتگان پریشان ہو رہے ہیں۔ حالات یہاں تک خراب ہو گئے ہیں کہ گھریلو نوکروں کو بھی تنخواہ نہیں دی جا رہی ہے ۔ پارلیمنٹ کے اے ٹی ایم میں بھی پیسہ نہیں ہے ۔ اس سے باقی ملک کے حال کا پتہ لگایا جا سکتا ہے ۔
مسٹر آزاد نے سوال کیا کہ کیا ملک میں مالیاتی ایمرجنسی لگ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پوری صورتحال واضح کرنی چاہئے ۔ ان کی حمایت مارکسی کمسنسٹ پارٹی کے سیتارام یچوری، سماجوادی پارٹی کے نریش اگروال، بہوجن سماج پارٹی کے ستیش چندر مشرا اور ترنمول کانگریس کے ڈیریک او برائن نے بھی کی۔
مسٹر اگروال نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے مرادآباد میں جو تقریر کی ہے اس سے لوٹ کھسوٹ ہوگی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم عام آدمی کو لوٹ کھسوٹ کے لئے اکسا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جان بوجھ کر نقد رقم کی تنگی پیدا کر رہی ہے ۔