وارانسی: بھارت رتن مرحوم استاد بسم اللہ خاں کی پانچ بیش قیمتي شھنائیاں اترپردیش میں وارانسی کے چوک علاقے میں ان کے بیٹے کاظم حسین کے چاہ ماما میں واقع مکان سے چوری ہو گئیں۔پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ شہنائی کے بادشاہ بسم اللہ خاں کے بیٹے مسٹر حسین نے چوک تھانے میں کل رات اس سلسلے میں رپورٹ درج کرائی تھی۔ رپورٹ کے مطابق پانچ شھنائیوں کے علاوہ گھر میں رکھے خواتین کے لاکھوں روپے کے سونے کے قیمتی زیورات اور چاندی کی تشتریاں بھی غائب ہیں۔مسٹر حسین نے بتایا کہ چور وہ شہنائی بھی چرا لے گئے ، جس سے استاد محرم کی پانچویں اور آٹھویں تاریخ پر آنسوؤں کا نذرانہ پیش کرتے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ، بہار کے سابق وزیر اعلی اور راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو پرساد یادو، کانگریس کے سینئر لیڈر کپل سبل کی طرف تحفے میں دی گئیں ان کی چاندی کی شھنائیاں غائب ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ وارانسی کے ھڑھا سرائے کے اپنے پرانے مکان سے گذشتہ 30 نومبر سے چوک علاقے کے دال منڈي کے پاس چاہ ماما واقع نئے مکان میں منتقل ہوگئے تھے ۔ یہاں دیوان میں استاد کا بیش قیمتي ورثہ رکھا ہوا تھا۔شہنائی کے جادوگر کے بیٹے مسٹر حسین نے روتے ہوئے کہا ”دو سال پہلے بھی چوروں نے استاد کی تین بیش قیمتي شھنائیاں چرالی تھیں اور پھر اس کے بارے میں شکایت کے بعد پولیس نے معاملہ درج کیا تھا، لیکن آج تک ان کا کوئی پتہ نہیں چلا۔ انہوں نے بتایا کہ استاد تینوں شھنائیوں سے ریاض کیا کرتے تھے ۔دو سال کے اندر اندر بھارت رتن کا قیمتي اثاثہ چوری ہونے سے ان کا پورا خاندان غم میں ڈوبا ہے اور پولیس سے مستعدی سے کارروائی کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے ۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ واقعہ کی شکایت ملتے ہی پولیس نے شدت سے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔ چوری ہوئی شھنائیوں اور دیگر اشیاء کا پتہ لگانے کے لئے پولیس کی کئی ٹیمیں مصروف ہیں۔ اعلی حکام نے جائے واردات کا معائنہ کیا ہے ۔