نئی دہلی: وزیر خارجہ سشما سوراج نے یمن میں مغویہ ہندوستانی پادری ٹام اوجھننائل کی بحفاظت رہائی کی آج یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت اس کے لئے پوری کوشش کرے گی۔
محترمہ سشما سوراج نے ٹویٹ کر کے کہاکہ “ہم نے فادر ٹام کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی ہے اور انہیں چھڑانے کے لئے حکومت پوری کوشش کرے گی”۔
کیرالہ کے پادری اوجھننا ئل کواس سال مارچ میں اسلامک اسٹیٹ کے دہشت گردوں نے یمن کے جنوبی شہر عدن میں مدر ٹریسا مشنری آف چیریٹی کی طرف سے چلنے والی ایک ‘اولڈ ایج ہوم’ پر حملے کے دوران اغوا کر لیا تھا۔ انہوں نے کل یو ٹیوب اور فیس بک پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کرکے حکومت اور پوپ فرانسس سے انہیں آزاد کرانے کی اپیل کی ہے ۔
پادری اوجھننائل نے کہا کہ انہیں دکھ ہے کہ انہیں چھڑانے کے لئے سنجیدہ طور پر کچھ نہیں کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ “اگر میں یورپی شہری ہوتا تو مجھے بہت سنجیدگی سے لیا جاتا مگر میں چونکہ ہندوستان سے ہوں، اس لئے مجھے کوئی اہمیت نہیں دی جا رہی ہے “۔
وزیر خارجہ نے کہاکہ “میں نے فادر ٹام کی ویڈیو دیکھی ہے ۔وہ ہندوستانی شہری ہیں اور ہر ہندوستانی کی زندگی ہمارے لئے قیمتی ہے “۔