نئی دہلی: نوٹ بندی کے بعد ملک کی تازہ معاشی صورتحال اور مختلف علاقوں میں نقدی کی قلت کے حالات کا جائزہ لینے اور ان پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی آج نیتی آیوگ کے ماہرین اقتصادیات کے ساتھ میٹنگ کررہے ہیں۔ذرائع کے مطابق میٹنگ میں وزیر اعظم نریندر مودی کے سامنے صورتحال تجزیہ پیش کرنے کے لئے ایک درجن ماہرین اقتصادیات کو مدعو کیا گیا ہے ۔
اس میٹنگ کا موضوع ” اقتصادی پالیسی: آئندہ کی حکمت عملی” ہے اور اس میں وزیر خزانہ ارون جیٹلی اور نیتی آیوگ کے وائس چیئرمین اروند پناگڑیا کے ساتھ دیگر سنیئر افسران شرکت کررہے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی یہ تجزیاتی میٹنگ متعدد کثیر جہتی ایجنسیوں اور آر بی آئي کی طرف سے رواں مالی سال کے لئے نسبتا کمتر شرح ترقی کی پیشگوئی کئے جانے کے پس منظر میں منعقد ہورہی ہے ۔ ریزرو بینک نے رواں ماہ کے اوائل میں ہی مالیاتی پالیسی کی تجزیاتی رپورٹ میں ملک کی شرح ترقی 7.6سے گھٹا کر 7.1 کردی ہے ۔