ٹیکم گڑھ، 21 جنوری (یو ان آئی) کانگریس کے رکن پارلیمان اور ہندستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین نے آج کہا کہ وہ مراد آباد سے لوک سبھا انتخاب نہیں لڑیں گے بلکہ پارٹی کی ہدایت پر لوک سبھا حلقوں میں انتخابی مہم کی کمان سنبھالیں گے۔اظہرالدین نے ضلع کے پرتھوی پور میں آل انڈیا امر سنگھ راٹھور والی بال ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہونے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر پارٹی انہیں کہیں اور سے انتخاب لڑنے کیلئے کہے گی تو وہ اس کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کسانوں اور مزدوروں کی کافی تعداد ہے اور ان کے پاس زراعت کے علاوہ کوئی متبادل روزگار نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کو گیہوں اور دھان کی فصل کی جو کم از کم امداد ی قیمت مل رہی ہے وہ کافی نہیں ہے ، اس میں اضافہ کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ وہ گیہوں اور دھان کی فصلوں کی کم از کم امدادی قیمت میں چار سو روپے کے اضافہ کے لئے وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور کانگریس صدر سونیا گاندھی سے درخواست کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں پر جتنی توجہ دی جانی چاہئے ، ریاستی حکومتیں اتنی توجہ نہیں دے رہیہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی کھیلوں میں دلچسپی پیدا کرنے کیلئے کھیلوں سے متعلق اکیڈمی قائم کرنے پر توجہ دینی چاہئے۔