نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کا اعلان ہونے پر مثالی ضابطہ اخلاق کو موثر طور پر نافذ کرنے کے لئے ہدایات جاری کردئے ہیں۔
کمیشن نے 26 دسمبر کو کابینہ سکریٹری اور گوا، منی پور، پنجاب ، اترپردیش اور اتراکھنڈ کے چیف سکریٹیوں اور چیف الیکشن افسران کو یہ ہدایات بھیجی ہے ۔
کمیشن نے اپنے خط میں لکھا ہیکہ الیکشن کا اعلان ہوتے ہی مثالی ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کے پختہ ا نتظام کئے جائیں ۔کمیشن نے اپنے خط میں ان تمام احکامات کے نقول بھی بھیجے ہیں جو اس نے وقتاً فوقتاً انتخابی ضابطہ اخلاق کو نافذ کرنے کے لئے جاری کئے ہیں۔
کمیشن نے کہا ہے کہ الیکشن کا اعلان ہوتے ہی کوئی سیاسی پارتی یا امیدوار یا کوئی دیگر شخص انتخابی مہم کے لئے کسی سرکاری گاڑی کا استعمال نہیں کرسکتا ہے یا نہ ہی سرکاری ویب سائٹ پر اپنی تصویر ڈال سکتا ہے ۔ اس کے علاوہ سرکاری مقامات یا سرکاری عمارتوں یا دفاتر میں نہ تو کوئی انتخابی مہم چلاسکتا ہے اور نہ ہی پوسٹر بینر یا جھنڈے لگا سکتا ہے ۔ امید نہ تو دیواروں پر نعرے لکھ سکتا ہے اور نہ ہی اسے خراب کرسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ سرکاری خرچ پر کوئی اشتہار بھی نہیں دیا جاسکتا ۔ کمیشن نے ان ضابطوں میں بعض استشنائی حالت میں رعایت بھی دی ہے ۔