نئی دہلی، 21 جنوری (یو این آئی) ن ی دہلی میں ریل بھون کے پاس کل سے دھرنے پر بیٹھے عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے آج پورے میڈیا پر کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی سے ملے ہونے کا الزام لگایا۔مسٹر کیجریوال نے ایک نجی چینل کے ذریعہ ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کچھ میڈیا والے کانگریس اور بی جے پی کی سیاست کرتے ہیں ۔
حالانکہ انہوں نے کہا کہ سبھی صحافی اچھے ہیں لیکن ان کے مالکان بدعنوان ہیں۔ کل کچھ ٹی وی چینلوں پر کئے گئے سروے کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر کیجریوال نے کسی چینل کا نام لئے بغیر کہا کہ تین چینلوں پر دکھایا گیا ہے کہ عوام ان کے دھرنے کی حمایت کررہے ہیں لیکن میڈیا والے الٹا دکھا رہے ہیں۔ وہ کہہ رہے ہیں کہ اروند کیجریوال نے افراتفری پھیلا رکھی ہے ۔ان الزامات پر کہ ان کے دھرنے پر بیٹھنے سے دہلی حکومت کا کام کاج ٹھپ پڑا ہے ، مسٹر کیجریوال نے کہا کہ دہلی حکومت کا یہی تو کام ہے ، لوگوں کو تحفظ فراہم کرنا۔ اسی کام کیلئے وہ دھرنے پر بیٹھے ہیں۔