نئی دہلی: سابق نوکر شاہ انل بیجل نے آج دہلی کے لفٹیننٖٹ گورنر کے عہدے کا حلف لیا۔
راج نواس میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں سابق داخلہ سکریٹری مسٹر بیجل کو دہلی ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بی۔ روہنی نے عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا ۔ نئے لفٹیننٹ گورنر نے انگریزی میں بھگوان کے نام پر حلف لیا۔ اس موقع پر دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال ، ان کی کابینہ کے دیگر رفقا اور بڑی تعداد میں دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔
مسٹر بیجل کو صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی نے باقاعدہ طریقے پر 28 دسمبر کو دہلی لفٹیننٹ گورنر مقرر کیا۔ گزشتہ 22 دسمبر کو مسٹر نجیب جنگ کے استعفے دینے کی وجہ سے ان کی تقرری عمل میں آئی ہے ۔
65 سالہ مسٹر جنگ بھی سابق نوکر شاہ تھے ۔ انہوں نے ذاتی وجوہات سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیکر تعلیمی شعبے میں واپس لوٹنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ 9 جولائی 2013 کو دہلی کے لفٹننٹ گورنر مقرر ہونے سے قبل مسٹر جنگ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر تھے ۔ ان کی میعاد کار 2018 تک تھی ۔ گزشتہ برس دہلی میں مسٹر کیجریوال کے درمیان اختیارات کی بالادستی کے لئے لگاتار تنازعہ رہا اور یہ معاملہ عدالتوں میں بھی پہنچا۔
بی جے پی کی حکومت میں داخلہ سکریٹری کے عہدے پر فائز رہنے والے 1969 بیچ کے آئی اے ایس افسر مسٹر بیجل 2006 میں سبکدوش ہوئے تھے ۔