عراق میں پولیس نے بتایا ہے کہ دارالحکومت بغداد کے ایک بازار میں ہونے والے دو دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک اور تقریبا 50 زخمی ہو گئے۔ سرکاری ذمے دار کے مطابق ہفتے کی صبح السنک مارکیٹ میں دھماکا خیز مواد سے بھری بیلٹیں باندھے ہوئے دو دہشت گردوں نے خود کو اڑا دیا۔ پولیس نے بتایا کہ دونوں دھماکے گاڑیوں کے فاضل پرزہ جات کی دکانوں کے نزدیک ہوئے۔
عینی شاہدین کے مطابق پہلا دھماکا مارکیٹ کے اندر ہوا جہاں خرید و فروخت کے لیے لوگوں کافی تعداد میں موجود تھے جب کہ دوسرا دھماکا اس کے کچھ دیر بعد اس وقت ہوا جب امدادی کارکن ہلاک ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو منتقل کرنے میں مصروف تھے۔
یاد رہے کہ السنک کا علاقہ عراق میں ملکی سطح پر نمایاں ترین صنعتی زون شمار کیا جاتا ہے۔
جمعرات کے روز بھی بغداد کے دو مختلف علاقوں میں دو کار بم دھماکے ہوئے تھے جن میں 5 افراد اپنی جاںوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ بغداد پولیس کے فرسٹ لیفٹننٹ نے ایک غیر ملکی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ بغداد کے جنوبی علاقے المعالف میں نامعلوم افراد نے بارود سے بھری گاڑی سڑک کے کنارے چھوڑ دی تھی جو کچھ دیر بعد دھماکے سے تباہ ہو گئی ، واقعے میں 3 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہو گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دوسرادھماکا بغداد کے مشرقی علاقے العماری میں ایک سڑک کے کنارے ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوئے۔