ممبئی: معروف اداکار عامر خان کی فلم دنگل نے دس دنوں کے اندر 270کروڑ روپے سے زائد کی آمدنی کی ہے ۔نتیش تیواری کی ہدایت کاری میں بننے والی عامر خان کی مشہور فلم دنگل کرسمس کے موقع پر 23دسمبر کو ریلیز ہوئی۔ یہ فلم ہریانہ کے سابق پہلوان مہاویر سنگھ فوگٹ کی حیات پر مبنی ہے ۔اس فلم میں عامر خان نے مہاویر سنگھ فوگٹ کا کردار ادا کیا ہے جو تمام بندشوں اور رکاوٹوں کوپار کرتے ہوئے اور سماجی برائیوں سے لڑتے ہوئے ناسازگارحالات میں بھی اپنی دو بچیوں گیتا فوگٹ اورببیتا کماری کو کشتی کا گر سکھایا۔
باکس آفس کے تخمینہ کے مطابق اس فلم نے نمائش کے پہلے ہفتہ میں 197کروڑ روپے کی کمائی کی۔ دنگل ریلیز ہونے کے آٹھویں دن18.59کروڑ،نویں دن22.72کروڑ اور دسویں دن31.27کروڑ روپے کمائے ۔اس کے ساتھ ہی دنگل نے باکس آفس جیت کر 270 کروڑ روپے کی ریکارڈکمائی کی ہے ۔ سال2016میں سب سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے والی سلمان خان کی فلم سلطان ہے جس نے 300کروڑ روپے کی کمائی کی تھی۔ توقع ہے کہ فلم دنگل آمدنی کے معاملے میں دنگل جیت کر باکس آفس کی سلطان بن سکتی ہے ۔خیال رہے کہ بالی ووڈ میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم عامر خان کی فلم پی کے ہے ۔اس فلم نے باکس آفس پر 340 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے ۔