دھمتری:ملک بھر میں بیت الخلا کی کمی میں نو شادی شدہ لڑکیوں کے سسرال چھوڑنے کی خبروں کے درمیان چھتیس گڑھ کے دھمتری ضلع کے ایک سماج نے ایسے معاملوں سے پہلے ہی محتاط رہنے کا فیصلہ کیا ہے ۔دھمتری کے نشاد سماج نے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا ہے کہ جس گھرمیں بیت الخلا نہیں ہوگی،وہاں سماج کا کوئی بھی شخص اپنی بیٹیوں کا رشتہ نہیں کرے گا۔سماج کی کل میٹنگ میں یہ فیصلہ ہوا۔سماج کے صدر لیلا رام نشاد نے بتایا کہ میٹنگ میں سماجی مسائل پر بات چیت کے دوران یہ تجویز آئی کہ شادی کے لائق لڑکے گھر اگر بیت الخلا نہیں ہوگی تو لڑکی کے گھر والے اس گھر میں اپنی بیٹی کی شادی نہیں کریں گے ۔تجویز آتے ہی موجود لوگوں نے تالی بجاکر اتفاق رائے سے اپنی منظوری دی۔اس سماج نے گزشتہ سال فیصلہ کیا تھا کہ سماج کے ذریعہ ہر گاؤں میں پودالگایا جائے گا۔اس کے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں۔