کرغستان کے مانس ایئرپورٹ کے نزدیک کارگو طیارہ آبادی پر گر کر تباہ ہونے سے 37 افراد جاں بحق ہوگئے۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کی مطابق بوئنگ 747 شدید دھند میں لینڈنگ کی کوشش کرتے ہوئے ایئرپورٹ کے نزدیک واقع ایک گاؤں کے قریب گر کر تباہ ہوا۔
کرغستان کی وزارتِ صحت کا بتانا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار 17 مسافروں سمیت رہائشی علاقے کے 15 افراد بھی ہلاک ہوئے۔
حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ استنبول کی کارگو کمپنی اے ٹی سی ایئرلائنز کا تھا، ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق ہانگ کانگ سے استنبول آنے والے ترک طیارے نے کرغستان کے دارالحکومت بشکیک کے نزدیک واقع مانس ایئرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا تاہم کرغستان کے مقامی وقت کے مطابق 7 بج کر 31 منٹ پر حد نگاہ شدید کم ہونے کی وجہ سے طیارہ لینڈنگ کی کوشش کرتے ہوئے تباہ ہوگیا۔
وزارتِ ہنگامی امور میں کرائسز مینجمنٹ سینٹر کے سربراہ محمد سوارو کا کہنا تھا کہ گرنے والے طیارے نے گاؤں کی 15 عمارتوں کو نقصان پہنچایا جس کے نتیجے میں 15رہائشی افراد ہلاک ہوئے۔
کرغستان کی وزارتِ صحت کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق جائے حادثہ پر امدادی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا جبکہ ریسکیو اہلکار طیارے کے پائلٹ سمیت متعدد افراد کی لاشیں ملبے سے نکال چکے ہیں۔
ابتدائی میڈیا رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ ترکش ایئرلائن کا تھا تاہم ترک ایئرلائن نے اس بات کی تردید کردی۔
ترک ایئرلائن کے جاری کردہ بیان کے مطابق ان کے بیڑے میں شامل کسی کارگو طیارے کو کوئی حادثہ پیش نہیں آیا، بشکیک کے نزدیک حادثے کا شکار بننے والا طیارہ نہ ہی ترک ایئرلائن کا تھا اور نہ ہی اس کے عملے میں ترک ایئرلائن کا کوئی رکن شامل تھا۔