ایٹہ:اترپردیش میں ایٹہ ضلع کے علی گنج علاقے میں آج صبح ہوئے سڑک حادثہ میں کم از کم 24 بچوں کی موت ہو گئی اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے ۔
پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ جے ایس ودیا پبلک اسکول کی بس بچوں کو لے کر اسکول جا رہی تھی۔ شدید دھند کی وجہ سے علی گنج دریا پور سڑک پر اسد پور گاؤں کے نزدیک ریت لدے ایک تیز رفتار ٹرک نے بس کو ٹکر مار دی جس سے بس پلٹ گئی۔اس حادثے میں 24 بچوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے ۔ زخمی کچھ بچوں کو آگرہ میڈیکل کالج بھیجا جا رہا ہے ۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹویٹ کرکے اس حادثے میں مرنے والے بچوں کے خاندانوں کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں زخمی بچوں کے جلد صحت مند ہونے کی دعا کی ہے ۔اس درمیان ریاست کے وزیر اعلی اکھلیش یادو نے سڑک حادثے میں بچوں کی موت پر گہرے غم کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کمشنر سمیت تمام متعلق حکام کو زخمی بچوں کے علاج کے لئے فوری طور پر ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ ضلع مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں۔اترپردیش کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جاوید احمد نے 24سے زیادہ بچوں کے مرنے کی تصدیق کی ہے ۔مسٹر احمد نے لکھنؤ میں نامہ نگاروں سے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے تمام اسکولوں کو سردی کی وجہ سے بند رکھنے کی ہدایات جاری کی تھی اس کے باوجود اسکول کیوں کھولا گیا اس سلسلے میں اسکول انتظامیہ پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ انتظامیہ کی سخت ہدایات کے بعد بھی اسکول کس طرح کھول دیا اس کی جانچ کی جا رہی ہے ۔ ضلع مجسٹریٹ نے اس سلسلے میں اسکول انتظام کے خلاف کارروائی کی کرنے کی بات کہی ہے ۔