مہوبہ: اترپردیش میں بندیل کھنڈ کے کبرئي بلاک کے گاؤں والوں نے ایکوائر کردہ اراضی کا معاوضہ اور سیلاب زدہ علاقے کے باشندوں کی بازآبادکاری کا مطالبہ نہ مانے جانے پر ریاستی اسمبلی انتخابات کے چوتھے مرحلے میں 23 فروری کو ہونے والی پولنگ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے ۔
بندیل کھنڈ علاقے میں ارجن سہائک آبپاشی اسکیم میں ایکوائر اراضٰی کا معاوضہ اور سیلاب زدہ علاقے کے باشندوں کی بازآبادکاری کا مطالبہ پورا نہ ہونے پر مہوبہ ضلع میں جھرسہیبا کے گاؤں والوں نے کل شام انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا۔ انتظامیہ نے محکمہ آبپاشی کو دھرنے پر بیٹھے گاؤں والوں کی ناراضگی دور کرنے اور انہیں پولنگ کے لئے تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔
ڈپٹی ضلع مجسٹریٹ پربدھ سنگھ نے آج یہاں بتایا کہ 750 سے زیادہ ووٹروں والے کبرئي بلاک کے جھرسہیبا کے گاؤں والوں نے کل شام اسمبلی انتخابات کے بائیکاٹ کرنے کے اعلان کے ساتھ علی پورہ میں دھرنا شروع کیا ہے ۔ ضلع مجسٹریٹ اے کے سنگھ اور دیگر اہم حکام نے موقع پر پہنچ کر دھرنا دے رہے گاؤں والوں سے بات چیت کرکے الیکشن بائیکاٹ کا فیصلہ واپس لینے کی اپیل کی، لیکن کوئی ٹھوس نتیجہ سامنے نہیں آیا۔