چنئی: سری نواسن مزید ایک برس کے لئے بھارتی کرکٹ بورڈ کی مقابلہ بادشاہ بن گئے۔ کسی نے بھی اس کے مدمقابل کھڑے ہونے کی جرات تک نہیں کی۔ ارون جیٹلی، نرنجن شاہ اور سدھیر ڈابر نے ایک سال اور ذمہ داریاں سنبھالے رکھنے سے معذرت کر لی۔ روی ساونت اور سنیہ ہنسال دو نئے نائب صدور بن گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کا سالانہ اجلاس عام اتوار کو چنئی میں ہوا ہے جس میں مزید ایک برس کیلئے این سری نواسن کا بطور صدر انتخاب ہوا ہے۔
بی سی سی آئی آئین کے مطابق صدارتی مدت دو برس ہے۔ بھارتی سپریم کورٹ نے گزشتہ روز انہیں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت تو دی تھی تاہم پابند کیا تھا کہ وہ عدالتی فیصلے کے بعد ہی ذمہ داریاں سنبھال پائیں گے۔ سری نواسن کے مدمقابل کسی نے بھی کاغذات تک جمع نہیں کرائے اس لئے وہ بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ انہیں تمام چھ سائوتھ زونز کی حمایت تھی۔
سری نواسن رواں برس آئی پی ایل میں سامنے آنے والے فکسنگ سکینڈل میں اپنے داماد اور چنئی سپر کنگز کے شریک مالک گروناتھ میاپن کے ملوث ہونے کی وجہ سے مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں۔ اس لئے اترپردیش کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیف راجیو شکلا، ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر روی ساونت اور دہلی کے سیکرٹری سنیہ ہنسال نئے نائب صدور بنے ہیں۔ ساونت ابھی خزن کی ذمہ داری انجام دے رہے ہیں۔ سنجے پٹیل اور سیکرٹری اور انوراگ ٹھاکر نائب صدر کے عہدے پر براجمان رہیں گے۔