ہندوستانی اسپنر ہربھجن سنگھ کا کہنا ہے کہ 4 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں اگر آسٹریلیا نے اچھا کھیلا تو ہندوستان 0-3 سے سیریز اپنے نام کرلے گا۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق ایک اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں ہربھجن سنگھ نے کہا کہ ‘آسٹریلیا نے اگراچھا کھیلا تو ہندوستان 0-3 سے جیتے گا ورنہ کامیابی 0-4 سے ہوگی’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘میرا نہیں خیال کہ ہندوستان کی وکٹ ان کے لیے آسان ہوگی اور اگر گیند شروع سے اسپن ہوئی تو وہ زیادہ سنبھل نہیں پائیں گے’۔
آسٹریلیا کی ٹیم اسٹیو اسمتھ کی قیادت میں 4 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے ہندوستان میں موجود ہے جہاں انھوں نے وارم اپ میچ سے دورے کا آغاز کردیا ہے۔
ہربھجن نے مہمان ٹیم کی بیٹنگ کو ماضی کے مقابلے میں کمزور قرار دیتے ہوئے کہا کہ ‘میتھیوہیڈن، گلرسٹ، پونٹنگ، ڈیمین مارٹن اور مائیکل کلارک سمیت تمام بڑے بلے باز تھے’۔
انھوں نے کہا کہ ‘میرے خیال سے موجودہ ٹیم میں ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ کے علاوہ شاید ہی کوئی اور بلے باز جس طرح آسٹریلیا میں کھیلتا ہے ویسے ہی ہندوستان میں کھیلنے کے قابل ہو اور یہ سیریز ان کے لیے مشکل ہوگی’۔
آسٹریلیا کی باؤلنگ کو بھی ہندوستان کی وکٹ کے لیے غیرمعیاری قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘میرا نہیں خیال کہ ان میں کوئی معیار ہے کیونکہ یہاں پر باؤلنگ کرنا اور وہاں (آسٹریلیا) باؤلنگ کرنا مختلف ہے’۔
‘ پچ کی رفتار مختلف ہے اس لیے انھیں محنت کرنا ہوگی’۔
یہ بھی پڑھیں:’کوہلی، ٹنڈولکر اور ویوین رچرڈز کی صلاحیتوں کا مجموعہ‘
آسٹریلیا کی اسپن باؤلنگ میں ناتھن لیون سرفہرست ہیں جنھوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 228 وکٹیں حاصل کی ہیں لیکن اسٹیو اوکیفی، ایشٹن آگر اور لیگ اسپنر مچل سویپسن جیسے اسپنرزکم تجربے کے حامل ہیں۔
ہربھجن نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ‘اگر وہ جملوں کا تبادلہ کرنا چاہتے ہیں تو انھیں اس انڈین ٹیم سے بہت کچھ سامنا کرنے کی تیاری کی ضرورت ہے’۔
ہندوستان اور آسٹریلیا کےدرمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 23 فروری کو پونے میں ہوگا، دوسرا ٹیسٹ 4 مارچ سے بنگلور، تیسرا ٹیسٹ 16 مارچ سے رانچی اور چوتھا میچ 25 مارچ کو دھرم شالا میں شروع ہوگا۔