نئی دہلی۔ عآپ کا ایم سی ڈی الیکشن بیلٹ پیپر سے کرانے کا مطالبہ، چیف سیکرٹری کو لکھا خط ای وی ایم مشینوں میں چھیڑ چھاڑ کے امکانات کے پیش نظر عام آدمی پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ دہلی کے ایم سی ڈی انتخابات بیلٹ پیپر کے ذریعے کرائے جائیں۔ آپ کی اس مانگ پر دہلی حکومت نے کارروائی بھی کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق سی ایم اروند کیجریوال نے چیف سیکرٹری کو اس سلسلے میں خط بھی لکھ دیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر سنجے سنگھ نے نیوز 18 سے بات چیت میں کہا ہے کہ دہلی ایم سی ڈی کے انتخابات بیلٹ پیپر کے ذریعے کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یوپی میں بھی نگر پالیکا اور نگر پنچایت کے انتخابات بیلٹ پیپر سے ہوتے ہیں۔
سنجے سنگھ نے کہا کہ پنجاب الیکشن جیتنے والی کانگریس کو بھی ای وی ایم پر شک ہے، بی ایس پی کو بھی شک ہے اور دوسری پارٹیوں کو بھی شبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جب تک اپوزیشن میں تھی تب تک اس کے لیڈر اور حامی ای وی ایم پر سوال اٹھاتے تھے تو ایسے میں بیلٹ پیپر سے انتخابات کرانے میں کیا حرج ہے؟
آپ لیڈر کے اس مطالبہ کو دہلی حکومت جلد ہی الیکشن کمیشن اور لیفٹیننٹ گورنر تک پہنچانے کی تیاری میں ہے۔ دہلی حکومت کے چیف سکریٹری کو تو خط بھی لکھ دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ دہلی میں ایم سی ڈی انتخابات اپریل کے آخر تک متوقع ہے۔ ای وی ایم میں گڑبڑی ہونے کا سوال بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے یوپی انتخابات کے نتائج آنے کے بعد اٹھایا تھا۔