حیدرآباد۔ بابری مسجد کے انہدام کے بعد سے زیرالتواعرضی پر بھی عدالت فیصلہ کرے گی۔ یہ امید اسد الدین اویسی نے مزکورہ تنازعہ پر سپریم کورٹ کے مشورہ پر دی ہے۔
صدر مجلس اتحاد المسلمین اسد الدین اویسی نے بابری مسجد ‘ رام مندر تنازعہ کے فریقین کو اس حساس مسئلہ کا عدالت کے باہر قابل قبول تصفیہ کرنے کے سپریم کورٹ کے مشورہ پریہ امید ظاہر کی ہے کہ عدالت عظمی بابری مسجد کے انہدام کے بعد سے زیرالتوا توہین عدالت کی عرضی کے بارے میں بھی فیصلہ کرے گی ۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیام پر کہا کہ بابری مسجد معاملہ ملکیت سے جڑا ہوا ہے لیکن الہ آباد ہائی کورٹ نے غلط طور پر اسے حصہ داری کے معاملہ میں تبدیل کردیا جس کی وجہ سے ہی یہ معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچ گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کا انتظار کیا جائے گا کہ بی جے پی کے سینئر لیڈران اڈوانی ‘ جوشی ‘ اور اوما بھارتی کے خلاف بابری مسجد شہادت واقعہ کے سلسلہ میں سازش کے الزامات وضع کئے جائیں گے ۔