ویسے تو انسٹاگرام سیاحتی تصاویر پوسٹ کرنے کے لیے مقبول ترین فوٹو شیئرنگ ایپ ہے مگر ایک جوڑا ایسا بھی ہے، جس کے لیے یہ ایپ کسی ہیرے کی کان سے کم نہیں جہاں وہ صرف ایک تصویر پوسٹ کرنے پر کم از کم 9 ہزار ڈالرز کما لیتے ہیں۔
٢٦ سالہ جیک مورس اور 24 سالہ لورین بولین ‘ڈو یو ٹریول’ (Do You Travel) نامی انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر تصاویر پوسٹ کرتے ہیں اور اس کے بدلے میں ہزاروں ڈالرز کماتے ہیں۔
ان کا کام بس مختلف برانڈز اور جگہوں کی اپنی تصاویر میں تشہیر کرنا ہوتا ہے جبکہ دنیا بھر کی سیر مفت میں ہوتی ہے۔
ان دونوں کے انسٹاگرام اکاﺅنٹس پر 32 لاکھ سے زائد فالورز موجود ہیں جو ان کے گلیمرس سفر کی تصاویر کو بہت زیادہ پسند کرتے ہیں۔
اور ان کی مقبولیت کا نتیجہ ہے کہ برانڈز ایک تصویر کے لیے ہزاروں ڈالرز ادا کرتے ہیں اور دنیا کے مہنگے ترین ریزورٹس ان کے پیچھے قطار بنائے کھڑے رہتے ہیں کہ وہ وہاں آکر مفت قیام کریں۔
گزشتہ سال انہوں نے مالدیپ کے فور سیزن ریزورٹ میں مفت قیام کیا جہاں کا ایک رات کا کرایہ 800 برطانوی پاﺅنڈ ہے۔
اسی طرح صحرائے اعظم میں پرتعیش ریزورٹ اور حال ہی میں کینیا کے مشہور Giraffe Manor کو بھی ان کی میزبانی کا موقع ملا۔
آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی لورین دنیا کے سفر پر نکلنے سے پہلے ڈینٹسٹ اسسٹنٹ کے طور پر کام کرتی تھیں مگر پھر انھوں نے ملازمت چھوڑ کر سیاحت کو ہی کُل وقتی کام کے طور پر اختیار کرلیا۔
جیک مورس کئی برسوں تک قالین صاف کرنے کا کام کرتے رہے، پھر وہ بینکاک چلے گئے اور انسٹاگرام اکاﺅنٹ سے رقم کمانا شروع کردی۔
ان دونوں کی ملاقات گزشتہ سال کے شروع میں فجی میں ہوئی تھی جو اس ذریعے سے حاصل ہونے والی رقم سے دنیا بھر میں گھومتے رہتے ہیں۔
جیک مورس نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا ‘درست اعدادوشمار بتانا تو مشکل ہے مگر ہم تین ہزار ڈالرز سے کم پر کوئی پوسٹ نہیں کرتے تاہم ماضی میں ایک تصویر پر ہم اس سے تین گنا زیادہ کما لیتے تھے’۔
انہوں نے مزید بتایا ‘ کچھ عرصہ قبل ہمیں ایک فون کمپنی نے دو دن کی شوٹنگ اور انسٹاگرام پر پانچ تصاویر پوسٹ کرنے کے لیے 35 ہزار ڈالرز دیئے’۔