سعودی عرب کے فرمانرا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ملک میں اونٹوں کی پرورش اور نگہداشت کے لیے اونٹوں کا خصوصی قصبہ قائم کرنے کی منظوری دی ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اونٹوں کے خصوصی مرکز کے قیام کا مقصد مملکت میں موجود بہترین نسل کے اونٹوں کا تحفظ، اونٹوں کے فواید پر تحقیقات اور ان کی تجارت کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے اونٹوں کے خصوصی فارم ہاؤس کا افتتاح ’شاہ عبدالعزیز اونٹ میلے‘ کی اختتامی تقریب کے موقع پر کیا۔ شاہ عبدالعزیز اونٹ میلہ حال ہی میں دارالحکومت ریاض سے شمال مشرق میں 140 کلو میٹر دور جنوبی صیاھد کے الدھنا کے مقام پر منعقد کیا گیا۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز گذشتہ روز شاہ عبدالعزیز اونٹ میلے کی اختتامی تقریب میں کئی دوسرے خصوصی مہمانوں کے ہمراہ الصیاھد پہنچے۔ اونٹ میلے کی اختتامی تقریب میں بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ، کویت کے ولی عہد الشیخ نواف الاحمد الجابر الصباح، الشیخ زاید ہیومن فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل الشیخ نھیان بن زاید آل نھیان، متحدہ عرب امارات کی ابو ظہبی اسپورٹس کونسل کے چیئرمین الشیخ جوعان، قطر اولمپک کمیٹی کے چیئرمین، سلطنت آف اومان کے وزیر برائے کھیل الشیخ سعد بن محمد السعدی شامل تھے۔ میلے میں شرکت کرنے والے معزز مہمانوں کا استقبال ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز، اونٹ میلے کے انچارج ڈاکٹر فہد بن عبداللہ السماری اور دیگر عہدیداروں نے کیا۔
اس موقع پر حکام نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو ’اونٹ قصبے‘ کے مجسم ڈھانچے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ منصوبے میں المزایین اونٹوں کی گذرگاہ، زائرین گیلری، میدان المزایین، نیلام منڈی، اونٹ کی پرورش کے لیے خصوصی مرکز اور دیگر خدمات شامل ہیں۔