ایٹلانٹا: امریکی ریاست جارجیا میں ایک مسافر کو اڑنے کے انتظار میں کھڑے ہوئے ہوئے جہاز سے اس وقت اتار لیا گیا جب انہوں نے منع کرنے کے باوجود باتھ روم استعمال کیا۔
ڈیلٹا ایئرلائین کی فلائیٹ 2035 جارجیا کے شہر اٰیٹلانٹا سے ریاست وسکونسن کے شہر ملواکو کے لیے اڑان بھرنے کے انتظار میں تھی۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق جہاز میں سوار کیما ہملٹن نامی مسافر کو جہاز کے اڑان بھرنے سے کچھ دیر قبل پیشاب آیا اور انہوں نے جہاز کا بیت الخلاء استعمال کرنا چاہا، مگر انہیں منع کردیا گیا۔
مسافر کو جہاز کے عملے نے سیکیورٹی خدشات کے باعث باتھ استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی، اور کہا اگر انہوں نے بات نہ مانی تو وہ اپنی سیٹ کھودیں گے۔
کیما ہملٹن نے عملے کو بتایا کہ انہیں ایمرجنسی ہے، اور لازمی باتھ روم جانا ہے، مگر جہاز عملے نے ان کی ایک نہ مانی۔
مسافر نے جہاز عملے کی بات کو نہ مانتے ہوئے باتھ روم استعمال کیا، جس کے بعد اسے فلائیٹ سے اتار دیا گیا۔
جہاز میں سوار ایک دوسری خاتون مسافر نے واقعے سے متعلق اپنی بلاگ پوسٹ میں لکھا کہ کیما ہملٹن نصف منٹ سے بھی کم وقت تک باتھ روم کو استعمال کرنے کے بعد واپس اپنی سیٹ پر آ رہے تھے تو جہاز عملے نے انہیں اتارنے کا اعلان کیا۔
خاتون نے بتایا کہ مسافر نے ایمرجنسی میں باتھ استعمال کرنے پر معذرت بھی کی، مگر جہاز عملے نے ان کی ایک نہ سنی، اور انہیں اپنا سامان اٹھاکر جہاز سے اتر جانے کو کہا۔
خاتون نے بتایا کہ کیما ہملٹن کو جہاز سے اتاردیا گیا، تاہم دوسری جانب ایئرلائن کمپنی نے واقعے سے متعلق میڈیا سے بات کرنے سے انکار کردیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ جہاز سے اتارا گیا مسافر پیشے کے لحاظ سے استاد تھا، اور وہ بچوں کی تعلیم اور حقوق سے متعلق کام کرنے والی ایک سماجی تنظٰم کا کارکن بھی تھا۔
اطلاعات ہیں کہ ایئرلائن کمپنی نے مسافر کو ٹکٹ کی نصف رقم بھی واپس کردی تھی۔
مسافر نے مقامی خبر رساں اداروں کو بتایا کہ اسے جلد ریاست وسکوسن پہنچنا تھا، تاہم وہ ایمرجنسی میں باتھ استعمال کرنے کے جرم میں وقت پر اپنی منزل تک نہ پہنچ سکے۔