حیدرآباد، 24 جنوری (یو این آئی) آندھراپردیش اسمبلی میں آج بھی کوئی کام کاج نہیں ہوسکا۔ وائی ایس آر سی کانگریس پارٹی سے تعلق رکھنے والے ممبران نے اسپیکر کے سامنے آکر ہنگامہ کیا جس کے بعد کارروائی ملتوی کردی گئی۔ احتجاجی ممبران نے نعرے لگاتے ہوئے علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بل کی ووٹنگ پر وضاحت کا مطالبہ کیا۔جب وائی ایس آر سی ممبران نے ان کو خاموش جاکر اپنی سیٹوں پر بیٹھنے کی بار بار کی کئی درخواست نہیں مانی تو اسپیکرنانندلہ منوہر نے ایوان کی کارروائی روک دی۔اسپیکر نے احتجاجی ممبران سے کہا کہ صدر پرنب مکھرجی نے اس بل پر بحث کے لئے فاضل وقت دے دیا ہے مگر آپ لوگ ایوان کا وقت ضائع کررہے ہیں۔روزانہ کارروائی نہ چلنے دینا مناسب نہیں ہے ۔ سرکار کے چیف وہپ گاندرا وینکٹ رجن ریڈی نے بھی ممبران سے احتجاج ختم کرنے اور کارروائی چلنے دینے کی درخواست کی ہے۔قبل ازیں اسپیکر نے ٹی ڈی پی کی اس تحریک التوا کو نامنظور کردیا جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ مرکز تلنگانہ کے خلاف اور اس کے حق میں احتجاج پر اپنا موقف واضح کرے جبکہ وائی ایس آر سی کی تحریک میں بل کے مسودہ پر ووٹنگ کا مطالبہ کیا گیا تھا۔