کابل: افغانستان میں سرکاری ٹی وی اسٹیشن پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جب کہ 14 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے شہر جلال آباد میں سرکاری ریڈیو ٹی وی اسٹیشن پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے، واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے ٹی وی اسٹیشن اور اس سے متصل علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کردیا۔
افغان حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 4 دہشت گرد ٹی وی اسٹیشن کی عمارت میں داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جب کہ سیکیورٹی فورسز سے مقابلے کے دوران 2 دہشت گردوں نے خود کو دھماکے سے اڑالیا، 2 حملہ آور اب بھی عمارت کے اندر موجود ہیں اور سیکیورٹی فورسز سے مقابلہ جاری ہے۔ ٹی وی اسٹیشن کے سربراہ سمیت کم از 12 ملازمین کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے تاہم دیگر لوگ عمارت کے اندر ہی محصور ہیں۔ دوسری جانب حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی ہے۔