نئی دہلی:الیکشن کمیشن نے الیکٹرونک ووٹنگ مشینو ں (ای وی ایم) سے متعلق تنازع کو ذہن میں رکھتے ہوئے کل یہاں وگیان بھون میں ان مشینوں کا ”ڈیمو” کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
الیکشن کمیشن میڈیاکے سامنے ان مشینوں کا ڈیمو کرکے پورے ملک کو یہ بتائے گا کہ ان میں کسی طرح کی گڑبڑ نہیں کی جاسکتی اور ووٹنگ میں اس کا غلط استعمال ممکن نہیں ہے ۔واضح رہے کہ اترپردیش اسمبلی انتخابات میں بھارتی جنتاپارٹی کی غیر متوقع کامیابی کے بعد کئی سیاسی پارٹیوں نے ای وی ایم مشینوں میں چھیڑچھاڑ کئے جانے کا اندیشہ ظاہر کیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ ان کا غلط استعمال ہوسکتا ہے ۔گزشتہ دنوں عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے سوربھ بھاردواج نے دہلی اسمبلی میں ای وی ایم کا ایک نمونہ پیش کرکے اس میں چھیڑ چھاڑ ہونے کا لائو ڈیمو کیا تھا جس کا براہ راست پورے ملک میں ٹیلی کاسٹ کیا گیا تھا اس کے بعد کمیشن نے سبھی سیاسی جماعتوں ایک میٹنگ بلائی تھی اور کہا تھا کہ ای وی ایم میں چھیڑ چھاڑ ممکن نہیں ہے ۔
کل وگیان بھون میں ای وی ایم کے ڈیمو کے دوران اس مشین کے ساتھ وی وی پیڈ بھی لگایا جائے گا اور میڈیا کو یہ بتایا جائے گا کہ ووٹنگ کے بعد ووٹنگ کی سہی پرچی نکلتی ہے جسے دیکھتے ہوئے یہ نہیں کہا جاسکتا کہ ای وی ایم سے غلط ووٹنگ ممکن ہے ویسے الیکشن کمیشن نے انتخابی نظام پر لوگوں کا اعتماد قائم رکھنے کے لئے مستقبل میں سبھی انتخابات میں ای وی ایم کے ساتھ وی وی پیڈ مشینیں لگائے جانے کی بات کہی ہے ۔الیکشن کمیشن نے سیاسی پارٹیوں کو کھلا چیلنج دے رکھا ہے کہ وہ ای وی ایم میں گڑبڑ کرکے دکھائیں ۔عام آدمی پارٹی نے کہا ہے کہ وہ اس چیلنج کو قبول کرتی ہے اور ایسا کرکے دکھا سکتی ہے