سری نگر۔ کشمیر میں ہندوستانی فوج نے برہان وانی کے ساتھی سبزار احمد بھٹ کو مار گرایا. کشمیر کا نیا پوسٹر بوائے سبزار احمد بھٹ ترال میں فوج کے انکاؤنٹر میں مارا گیا۔ سبزار کو دہشت گرد تنظیم حزب المجاہدین نے برہان وانی کی موت کے بعد نیا کمانڈر مقرر کیا تھا۔
جمعہ کی صبح جنوبی کشمیر کے ترال میں ایک گھنٹے تک جاری تصادم میں سبزار سمیت دو جنگجووں کو مار گرایا گیا۔ تیسرے جنگجو کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے۔
ترال میں جیسے ہی بھٹ کے مارے جانے کی خبر آئی اننت ناگ ضلع کے پانچ مختلف علاقوں میں فوج پر پتھر بازی کی خبریں آنے لگیں۔ برہان وانی اور سبزار بھٹ دونوں ہی ترال سے تعلق رکھتے تھے۔ جموں وکشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل ایس پی وید نے نیوز 18 سے فون پر بات چیت میں بتایا کہ سبزار بھٹ تصادم کے وقت وہاں موجود تھا، لیکن وہ مارا گیا یا نہیں اس کا اعلان سرچ آپریشن ختم ہو جانے کے بعد ہی کیا جائے گا۔
اس سے پہلے بارہ مولہ کے رامپور سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کر رہے 6 جنگجووں کو فوج کے جوانوں نے مار گرایا۔ فوج کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ جمعہ کو بھی فوج نے دراندازی کی کوشش کر رہے پاکستان کی بارڈر ایکشن ٹیم کے 3 جوانوں کو پکڑا تھا۔
دوسری طرف فوج نے گزشتہ رات جموں و کشمیر کے پلوامہ ضلع کے ترال علاقے میں جنگجووں سے انکاؤنٹر میں تین جنگجو مار گرائے۔ اس کے بعد پولیس اور آرمی کی مشترکہ ٹیم کی طرف سے چلائی گئی مہم میں سیمو گاؤں سے تین جنگجو پکڑے گئے۔