بیگوسرائے: ضلع بیگوسرائے کے نگر تھانہ علاقے میں آج بدمعاشوں نے ایک نوجوان کوگولی مار کر قتل کردیا۔پولیس کے ذرائع کے مطابق بی پی ہائی اسکول کے نزدیک موٹر سائیکل پر سوار دو بدمعاشوں نے سونو کمار (26) کو گولی مار کر قتل کردیا ۔
مقتول اسی تھانہ علاقہ کے پوکھریا گاؤں کا رہنے والا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ قتل کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے ۔ پولیس معاملے کی چھان بین کررہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے آج صبح اسی ضلع کے چکیا تھانہ علاقہ کے روپ نگر گپتا ڈیم کے نزدیک بورے میں بند ایک خاتون کی لاش برآمد کی ہے ۔
متوفیہ کی عمر تقریباً 22 برس ہے ۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بیگوسرائے صدر اسپتال بھیج دیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ بیگوسرائے میں گزشتہ رات مسلح بدمعاشوں نے مفصل تھانہ علاقہ کے ہردیا پیٹرول پر حملہ کرکے لوٹ مار کی اور پمپ مالک لکشمی نرائن عرف چھوٹو سنگھ (32) کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔وہ راجدھانی پٹنہ کے کنکرباغ کے کانٹی فیکٹری کے نزدیک رہتے تھے ۔