لندن: برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں پولیس نے گذشتہ روز دہشت گرد حملے کے بعد 12 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ میٹ پولیس کے مطابق لندن برج حملے کے بعد پولیس نے مشرقی لندن کے علاقے بارکنگ میں کارروائی کی، بارکنگ کے مختلف گھروں میں چھاپوں کے دوران بارہ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا،
علاقے میں مزید گھروں کی تلاشی کا سلسلہ جاری ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز رات دس بجے کے بعد لندن برج کے علاقے میں ایک سفید رنگ کی ویگن نے راہگیروں کو کچل دیا اور پھر وہ منڈیر سے ٹکرا گئی۔ پولیس نے اس حملہ کو دہشت گردی قرار دیا ہے۔ راہگیروں کو کچلنے کے بعد اس ویگن سے اترنے والے تین افراد نے پل کے جنوب میں واقع بورو مارکیٹ میں موجود لوگوں پر چاقو کے وار بھی کیے۔ برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ 10 بج کر آٹھ منٹ پر ملنے والی مدد کی پہلی کال کے آٹھ منٹ بعد مشتبہ افراد سے مدبھیڑ کے بعد پولیس اہلکاروں نے انھیں گولی مار دی تھی۔ لندن برج اور بورو مارکیٹ حملوں میں 7 افراد ہلاک اور 38 زخمی ہوئے تھے، پولیس کی فائرنگ سے تینوں حملہ آوروں بھی ہلاک ہوگئے تھے۔