کابل:افغانستان کے دار الحکومت کابل میں واقع ہندوستانی سفارتخانہ کی کمپلیکس میں آج ایک راکٹ گرنے سے دھماکہ ہوا۔ افغان پولس نے بتایا کہ یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب تقریبا ایک کلومیٹر کے فاصلے میں ہی افغانستان میں تشدد کے خاتمہ کی کوششوں پر بات چیت کے لئے دو درجن عالمی وفود کی میٹنگ ہورہی تھی۔
جیسے ہی راکٹ کا دھماکہ ہوا ،علاقے میں واقع متعدد سفارتخانوں میں میزائل آنے کی وارننگ کے لئے سائرن بجایا گیا۔ پولس نے بتایا کہ راکٹ کا دھماکہ کمپلیکس کے احاطے میں ایک ٹینس میدان ہوا ہے جس میں کوئی بھی فرد زخمی نہیں ہوا ۔ یہ ٹینس میدان عالمی وفود کی میٹنگ کے مقام سے چند بلاکوں کے فاصلے پر ہی واقع ہے ۔ شہر میں اکثر راکٹ حملے ہوتے رہتے ہیں، کبھی کبھی شہر کے اس حصے میں راکٹ کا نشانہ بنایا جاتا ہے جہاں نہ صرف ہندوستانی سفارتخانہ واقع ہے بلکہ عالمی ملٹری مشن کے ہیڈکوارٹرس اور افغان وزارتوں کے دفاتر بھی واقع ہیں۔ اسی علاقے میں 31 مئی کو ایک ٹرک بم سے دھماکہ کیا گیا تھا، جس میں 150 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے اور سیکڑوں شہری زخمی ہوئے تھے ۔