مندسور:مدھیہ پردیش کے مندسور ضلع میں کسانوں کی تحریک میں کل چھ افراد کی موت کے بعد عائد کئے گئے کرفیو کے باوجود بھی آج ضلع کے کئی حصوں میں مظاہرین نے پر تشدد مظاہرہ کیا۔
ضلع کے ملہارگڑھ میں مشتعل مظاہرین نے پٹریوں کو نقصان پہنچایا، جس سے نیمچ۔مندسور سے لے کر راجستھان کے چتورگڑھ کے درمیان ریلوے ٹریفک متاثر ہونے کی خبر ہے ۔
کل پپلیامنڈی میں کسانوں کے پر تشدد احتجاج اور پولیس ومظاہرین کے مابین تصادم کے بعد مبینہ طور پر پولیس کی فائرنگ میں چھ کسانوں کی موت ہو گئی تھی۔ اس کے بعد پپلیامنڈی سمیت مندسور ضلع ہیڈکوارٹر اور کئی مقامات پر کرفیو لگا دیا گیا تھا، اس کے باوجود آج صبح لوگوں کو سمجھانے برکھیڑاپنت پہنچے کلکٹر سوتنتر کمار سنگھ کے ساتھ مظاہرین نے مارپیٹ تک کی۔ اس کا ویڈیو بھی سامنے آیا ہے جس میں کچھ لوگ ان کے ساتھ مار پیٹ اور براسلوک کر رہے ہیں۔صبح کے اس واقعہ کے بعد کئی مقامات سے آتش زنی کی خبریں ملی ہیں۔ ضلع میں ایک اے ٹی ایم، ایک فیکٹری، ایک ٹول پلازہ پر پتھراؤ اور آگ لگانے کی کوشش کی خبر مل رہی ہے ، اگرچہ اس بارے میں کسی اعلی افسرسے بات نہیں ہو سکی ہے ۔ وہیں ضلع کے سیتامؤ میں بھی کسانوں نے پر تشدد مظاہرہ کیا۔نزدیکی نیمچ اور دیواس ضلع سے بھی کسانوں کے کئی مقامات پر مشتعل ہونے اور تھانوں پر پتھراؤ کرنے کی کوششوں کی خبر سامنے آ رہی ہے ۔وہیں ایک قومی نیوز چینل کے مدھیہ پردیش کے صحافی برجیش راجپوت پر بھی مندسور میں مظاہرین نے حملے کی کوشش کی۔ گاوں والوں کا الزام تھا کہ میڈیا ان کی تحریک کو پرتشدد بناکر پیش کر رہا ہے ۔
کل کے واقعہ کے بعد آج راشٹریہ کسان مزدور یونین اور کانگریس نے مدھیہ پردیش بند کا اعلان کیا ہے ۔ ریاست کے اندور، اجین، نیمچ، دھار، ہردا، بڈوانی، جھابوا، ودیشا میں بند کا وسیع، جبکہ ساگر، رتلام، سیہور اور جبل پور سمیت کئی علاقوں میں بند کا ملا جلا اثر رہا۔ دارالحکومت بھوپال سمیت ہوشنگ آباد اور ستنا کے بیشتر بازار کھلے رہے ۔ وہیں شیوپوری میں کانگریس کل بند منائے گی۔ریاست کے مندسور، نیمچ، رتلام اور اجین ضلع میں انٹرنیٹ خدمات کل سے ٹھپ ہیں۔ مندسور ضلع کے علاوہ پڑوسی نیمچ اور رتلام میں تحریک اور اس کے بعد کے حالات کے درمیان حالات قابو میں رکھنے کے لئے کئی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔حساس اورنہایت حساس علاقوں میں اضافی پولیس فورس تعینات کی گئی ہے ۔ سینئر پولیس اور انتظامی افسران صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔پورے واقعے کے درمیان کانگریس لیڈروں نے بتایا کہ پارٹی کے قومی نائب صدر راہل گاندھی کے کل مندسور پہنچنے کا امکان ہے ۔ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اجے سنگھ اور پارٹی کی ریاستی یونٹ کے صدر ارون یادو کے بھی مندسور کی سر حد تک پہنچنے کی خبر ہے ۔ اس دوران کانگریس کی سینئر لیڈر میناکشی نٹراجن اور ان کے معاونین کو امن و امان برقرار رکھنے کے لئے حراست میں لئے جانے کی اطلاع ہے ۔ریاست کے وزیر داخلہ بھوپندر سنگھ نے کل بھوپال میں میڈیا سے بات چیت میں دعوی کیا کہ پولیس کی گولیوں سے کسانوں کی موت نہیں ہوئی ہے ۔ اس معاملے کی عدالتی تحقیقات کے احکامات دیے گئے ہیں اور تفتیش میں واضح ہو جائے گا کہ کس وجہ سے کسانوں کی موت ہوئی ہے ۔