نئی دہلی:سینئر بی جے پی لیڈراور ممبرپارلیمنٹ شتروگھن سنہا صدراتی امیدوار کے طور پرسابق نائب وزیر اعظم و بی جے پی کے سینئر رہنما ایل کے ایڈوانی کا نام بار بار پیش کرکے نئی پریشانی پیدا کر رہے ہیں۔
آج انہوں نے کہا کہ مسٹر ایڈوانی صدارتی امیدوار کے لئے سب سے زیادہ لائق،موزوں ہیں۔ تجربات، قابلیت، سینئریٹی سمیت تمام طرح سے ان سے بہتر کوئی امیدوار فی الوقت ان کی نظر میں نہیں ہے ۔ گزشتہ شب اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ملک جانتا ہے کہ فی الوقت صدارتی امیدوار کے طور پرمسٹر ایل کے ایڈوانی سے بہتر امیدوار کوئی نہیں ہے ۔ ان کے پاس وہ سب کچھ ہے جو صدارتی امیداوارکے لئے ضروری ہے ۔وہ موزوں ترین امیدوار ہیں۔
اس کے بعد دوسری ٹویٹ میں مسٹر سنہا نے کہا”فادرس ڈے کے موقع پر بی جے پی کا اپنے باپ کی طرح گارجین لیڈر مسٹر ایڈوانی کو سب سے بڑا تحفہ صدارتی امیدوار بناکر دیا جا سکتا ہے ۔وہ بی جے پی اور ہندوستانی سیاست کے لئے گاڈ فادر کی حیثیت رکھتے ہیں۔ہمیں اپنے مفاد سے اوپر اٹھ کر ان کے حق میں فیصلہ کرنا چاہئے ۔”