بہاولپور:پاکستان کے صوبہ پنجاب کے جنوبی علاقے احمد پور شرقیہ میں نیشنل ہوئے وے پر آئل ٹینکر کے الٹنے کی وجہ سے ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں 125 افراد جھلس کر ہلاک جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ قومی شاہراہ پر پکا پل کے قریب پیش آیا جب ایک تیز رفتار آئل ٹینکر الٹ گیا جس سے بڑی مقدار میں آئل بہنے لگا۔
ڈپٹی کمشنر(ڈی سی) رانا محمد سلیم افضل نے 123 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا اور بتایا کہ زخمیوں کی تعداد درجنوں میں ہے جنہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ اور بہاولپور کے بہاول وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق واقعہ میں 40 سے زائد زخمی ایسے ہیں جن کی حالت تشویش ناک ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق ان زخمیوں کا 60 فیصد سے زیادہ جسم جھلس چکا ہے اور انہیں ملتان کے ہسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔
واقعے کے حوالے سے ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ آئل ٹینکر سے نکلتے ہوئے پیٹرول کو جمع کرنے کے لیے مقامی گاؤں کے 250 سے زائد افراد جائے وقوعہ پر پہنچے تھے کہ نامعلوم وجوہات کی بنا پر آگ لگنے سے ٹینکر پھٹ گیا۔
ذرائع کے مطابق قومی شاہراہ پر آئل ٹینکر کے نزدیک موجود گاڑیاں اور متعدد موٹر سائیکلیں بھی آتش زدگی کے لپیٹ میں آکر خاکستر ہوگئیں۔
فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
ترجمان موٹر وے پولیس عمران شاہ نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق قومی شاہرہ سے متصل بستی موضع رمضان جوئیہ سے ہے جو آئل ٹینکر سے بہنے والا تیل جمع کرنے کی غرض سے ٹینکر کے ارد گرد جمع تھے۔
ذرائع کے مطابق احمد پور شرقیہ میں طبی سہولیات کی کمی اور بہاولپور کے ہسپتالوں میں زخمیوں کی کثرت کے باعث حادثے کے مزید زخمیوں کو ملتان منتقل کیا جارہا جبکہ اس واقعہ میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ زخمیوں اور ہلاک ہونے والے افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔