یمنی وزیر اعظم احمد عبید بن دغر نے ابین، عدن، لحج، الضالع اور شبوہ کے صوبوں میں صحت کے شعبے میں ہنگامی حالت کی سطح کو بلند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بن دغر نے مذکورہ صوبوں میں مقامی حکام کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے تا کہ حالات پر قابو پانے کے واسطے ہسپتالوں اور طبی مراکز میں صورت حال پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔
یمنی حکومت کا فیصلہ عالمی ادارہ صحت کے اس اعلان کے باوجود سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا کہ مرض کی حالیہ وبا سے اموات کی شرح کم ہو کر نصف تک آ گئی ہے تاہم ادارے نے باور کرایا ہے کہ اس کمی کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ہیضے کا خطرہ ختم ہو گیا۔ یمن میں دو ماہ کے دوران اس مرض کی وبا سے کم از کم 1400 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں جب کہ مرض سے متاثرہ افراد کی تعداد 2.19 لاکھ کے قریب ہو چکی ہے۔