رام پور: سماج وادی پارٹی کے رہنما محمد اعظم خان کی زبان کاٹنے والے کو پچاس لاکھ روپے کا انعام دینے کا اعلان کرنے پر وشو ہندو پریشد لیڈر سمیت دو لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔
مسٹر خان کے میڈیا انچارج فرحت شانو نے گذشتہ 29جون کو گنج تھانہ میں شاہ جہاں پور کے وشو ہندو پریشد کے ضلع صدر راجیش اوستھی اور اترپردیش نو نرمان سینا کے صدر امت جانی کے خلاف معاملہ درج کرایا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا تھا کہ مسٹر اوستھی نے مسٹر خان کی زبان کاٹنے والے کو پچاس لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ مسٹر جانی نے لکھنؤ میں مسٹر خان کی رہائش گاہ اور دفتر کے باہر انہیں گھیر کر لوگوں کو ان کی پٹائی کرنے پر اکسایا تھا۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ مسٹر خان کو مسٹر اوستھی اور مسٹر جانی سے جان کا خطرہ ہے ۔
پولیس نے بتایا کہ گنج تھانہ میں راجیش اوستھی اور امت جانی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔