لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ سماج وادی پارٹی کے قومی سربراہ ملائم سنگھ نے کہا کہ بی جے پی جھوٹی ہے اس پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو ہٹکر کے وزیر نشر و اشاعت گوئبلس کے مقلد ہے جس کا کہنا تھا کہ ۱۰۰ بار جھوٹ بولنے پر جھوٹی بار بھی سچ ہوجاتی ہے اور نریندر مودی اسی راستے پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی کیسی زبان بول رہے ہیں ہم ٰخاموش نہیں بیٹھیں گے اسی کی طرز پر جواب دیں گے۔ وہ یہاں پارٹی دفتر میں بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماج وادی رہنما کرپری ٹھاکر کے ۹۳ویں یوم پیدائش پر منعقد تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اجودھیا کو ایک سیاسی مسئلہ بنائے رکھنا چاہتی ہے اس کی منشا مندر تعمیر کی کبھی نہیں رہی۔ انہوں نے
کہا کہ ہم نے ۴؍دسمبر ۱۹۹۲ء میں عرضداشت دے کر صدر جمہوریہ کو بتایا تھا کہ بابری مسجد شہید کر دی جائے گی۔ بی جے پی والوں پر بھروسہ مت کیجئے۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم نرسمہا راؤ نے بھی تسلیم کیا تھا کہ بی جے پی کے رہنماؤںنے ان کو دھوکہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ لوہیا کا خواب تھاکہ مرکز میں سماج وادی حکومت بنے اور کرپری ٹھاکر بھی یہی چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ہدف کے حصول کیلئے سب کو پارٹی کو مضبوط کرنے میں مصروف ہو جانا چاہئے۔ انہوںنے کرپری ٹھاکر کی زندگی اور ان کے افکار و نظریات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان کی بہت ہی کنبہ میں نشو ونما ہوئی۔ وہ غریبوں، کسانوں اور پسماندوں کے سچے بہی خواہ تھے۔ ان کے نظریات کو اختیار کر کے ہم غریبوں کی مدد کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ غریب کارکنان کو احساس کمتری میں نہیں مبتلا ہونا چاہئے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ اکھلیش یاد ونے آنجہانی کرپری کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کرپری جی نے پوری زندگی غریبوں اور گاؤں والوں کے حقوق اور ان کے وقار کیلئے لڑتے ہوئے زندگی گزاری۔ وہ بہت ہی ایمانداری اور جدو جہد کے بعد وزیر اعلیٰ کی کرسی تک پہنچے تھے۔ اس موقع پر شیو پال سنگھ یادو، راجندر چودھری، اوم پرکاش سنگھ، گایتری پرساد پرجاپتی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔