ممبئی:بالی ووڈ میں پران ایک ایسے اداکار تھے جنہوں نے پچاس اور ستر کی دہائی کے درمیان فلم انڈسٹری میں ویلین کا کردار ادا کرنے کے میدان پر اکیلے حکمرانی کی اور اپنی اداکاری کا لوہا منوایا۔
جس فلم میں پران ہوتے ناظرین اسے دیکھنے سنیما ضرور جایا کرتے تھے ۔اس دوران انہوں نے جتنی بھی فلموں میں اداکاری کی اسے دیکھ کر ایسا لگا کہ ان کے ادا کئے گئے کرداروں کو صرف وہ ہی ادا کر سکتے تھے ۔
ترچھے لبوں سے الفاظ چبا-چبا کر اداکرنا،سگریٹ کے دھواں کا چھلا بنانا اور چہرے کے تاثرات کو پل پل بدلنے والے پران نے اس دور میں ویلین کو بھی ایک اہم کردار کے طور پر سنیما کی دنیا میں نصب کیا۔
منفی کردار کو بلندی پر پہنچانے والے پران کے پردے پر آتے ہی شائقین بے حد لطف اندوز ہوتے تھے ۔
پران کے اداکردہ کردار کی یہ خاصیت رہی ہے کہ انہوں نے جتنی بھی فلموں میں اداکاری کی ہے ،وہ ہر کردار کو ایک مختلف انداز میں شائقین کے سامنے پیش کیاکرتے تھے ۔ پردہ سیمیں پر پران نے جتنے بھی کردار ادا کئے ان میں وہ ہر بار نئے طریقے سے ڈائیلاگ بولتے نظر آئے ۔ویلین کے کردار میں اداکاری کرتے وقت پران اس کردار میں مکمل طور ڈوب جاتے تھے ۔ ان کے لباس کا بھی ایک الگ انداز ہوتا تھا۔
برے آدمی کا کردار ادا کرنے والے پران نے اپنی مضبوط اداکاری سے اپنی ایک ایسی تصویر بنا لی تھی کہ لوگ فلم میں انہیں دیکھتے ہی برا بھلا کہنے لگتے تھے ،اتنا ہی نہیں ان کے نام پران کو بری نظر سے دیکھا جاتا تھا اور شاید ھي ایسا کوئی گھر ہوگا جہاں بچے کا نام پران رکھا گیا ہو۔
پران کے ہندی فلموں میں آنے کی کہانی بہت دلچسپ ہے ۔ان کی پیدائش 12 فروری 1920 کو دہلی میں ایک درمیانے طبقے کے خاندان میں ہوئی تھی۔ان کے والد کیول کرشن سکند سرکاری ٹھیکیدار تھے ۔انکي کمپنی سڑکیں اور پل بنانے کے معاہدے لیا کرتی تھی ۔تعلیم مکمل کرنے کے بعد پران اپنے والد کے کام میں ہاتھ بٹانے لگے ۔ ایک دن پان کی دکان پر ان کی ملاقات لاہور کے مشہور اسکرپٹ رائٹرولی محمد سے ہوئی۔ ولي محمد نے پران کی صورت دیکھ کر انہیں فلموں میں کام کرنے کا مشورہ دیا ۔پران نے اس وقت ولی محمد کے مشورے پر توجہ نہیں دی لیکن ان کے بار بار کہنے پر وہ تیار ہو گئے ۔
فلم یملا جٹ .. سے پران نے اپنے فلمی کریئر کا آغاز کیا۔فلم کی کامیابی کے بعد انہیں یہ محسوس ہوا کہ فلم انڈسٹری میں اگر وہ کریئر بنائیں گے تو زیادہ شہرت حاصل کر سکتے ہے ۔اس درمیان ہندوستان-پاکستان تقسیم کے بعد پران لاہور چھوڑ کر ممبئی آ گئے ۔