ممبئی:بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ پہلے تصویریں بنوانا عجیب سا لگتا تھا لیکن اب ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ہم نے سیلیفیز کے لیے اپنی زندگیاں وقف کر دیں ہیں اور یہ ہماری زندگی کا حصہ بن گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان نے ایک انٹریو کے دوران کہا کہ ایک وقت تھا جب میری فیملی کو میڈیا کی طرف متوجہ ہونا برا لگتا تھا لیکن اب ہم اسے اپنی زندگی کا حصہ سمجھتے ہیں جب کہ ہم لوگوں نے تو سیلفیز اور تصویروں کے لیے اپنی زندگیاں وقف کر دی ہیں۔
شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ تصویریں لینا بحیثیت اسٹار اور فلمی دنیا کا تقاضا ہے جسے ہم تسلیم کر چکے ہیں لیکن بچے ان تمام چیزوں سے بیزار ہو چکے ہیں؛ اس لیے میں زیادہ تر پروگراموں میں اکیلے ہی جاتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی توجہ سے بچنے کے لیے میں نے بچوں کو پڑھائی کے لیے بیرون ملک بھیجا اور میں اس پر خوش ہوں کہ وہ باہر تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
کنگ خان نے کہا کہ میں نے اپنے بچوں کو سمجھایا ہے کہ جب بھی کوئی آپ کی تصویر لینا چاہے تو کچھ دیر کھڑے ہونے کے بعد ان سے پوچھیں کہ کیا میں اب جا سکتا ہوں، اور وہ آپ کی ضرور سنیں گے کیوں کہ میں انہیں پچھلے 25 سال سے جانتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرے بچوں کو تصویریں اتارنا اچھا نہیں لگتا اور ان کا ماننا ہے کہ تصویریں آپ کو اہم نہیں بناتی۔ واضح رہے گزشتہ ماہ شاہ رخ خان کی 17 سالہ بیٹی سوہانا کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اپنا چہرہ چھپانے کی کوشش کرتے ہوئے میڈیا سے بھاگنے کی کوشش میں بے چین اور بے یارومددگار دکھائی دے رہی تھیں۔