کلکتہ: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج بی جے پی پر ملک کی اتحاد و سالمیت اور یکجہتی کو نقصان پہنچانے کا الزام عاید کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ترنمول کانگریس 9اگست سے ”بی جے پی بھارت چھوڑو” تحریک شروع کیا جائے گا اور 30اگست تک ریاست کے گاؤں گاؤں تک بی جے پی کے خلاف تحریک چلائی جائے گی۔ممتابنرجی نے کہا کہ بنگال ہندوستان کو مستقبل کے خطرات سے بچائے گی۔
کلکتہ کے دھرم تلہ علاقے میں منعقد ترنمول کانگریس کے سالانہ شہیددیوس ریلی میں ممتا بنرجی نے آج بی جے پی کے خلاف جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے ملک کے اتحاد و سالمیت اور یکجہتی کو شدید نقصان پہنچایا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار کی خاطر بی جے پی دنگا کرانے کی کوشش کرتی ہے ۔انہوں نے بنگال میں ہوئے حالیہ دنوں فسادات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی سوشل میڈیا کے ذریعہ بنگال میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی کوشش کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ فیس بک پر ایک سازش کے تحت گجرات فسادات اور بھوجپوری فلموں کی تصاویر پوسٹ کرکے اشتعال انگیزی پھیلانے کی کوشش کی گئی۔
مہاتما گاندھی نے 8 اگست 1942 کی رات کو بھارت چھوڑو تحریک کی شروعات کی تھی اور 9 اگست سے پورے ملک میں یہ تحریک شروع ہو گئی تھی۔ ممتا بنرجی اسی تاریخ کو بی جے پی کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے ۔ممتابنرجی نے کہا کہ بی جے پی کے ناپاک عزائم کامیاب نہیں ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم بی جے پی کا چیلنج قبول کرتے ہیں ۔اس موقع پر انہوں نے عوام سے بھی حلف لیا کہ وہ بنگال میں دنگاکرانے کی سازش کو ناکام کردیں ۔
انہوں نے کہا کہ محلہ سطح پرشانتی واہنی بنایا جائے گا جس کے ذریعہ دنگائیوں پر نگاہ رکھی جائے گی۔انہوں پارٹی ورکروں سے کہاکہ جولوگ بھی اشتعال انگیزی کرنے کی کوشش کرے اس پر نگاہ رکھیں اور حکومت کو خبر کریں ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ بنگا ل میں لا اینڈ آرڈ کا مسئلہ پیدا کرنے کیلئے بی جے پی سازش کررہی ہے ۔انہوں نے کہا پہاڑ پر آج جو حالات پیدا ہوئے ہیں اس کے پیچھے بی جے پی کا ہاتھ ہے مگر بی جے پی بنگال کو تقسیم کرنے میں کامیاب نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی صورت میں بنگال کو تقسیم نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ بنگال کی سالمیت ان کے وقار سے جڑا ہوا ہے ۔