پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں فیروزپور روڈ پر ارفع کریم آئی ٹی ٹاور کے نزدیک ایک خودکش بم دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکاروں سمیت گیارہ افراد جاں بحق اور پندرہ زخمی ہوگئے ہیں۔
لاہور کے ایک سپرنٹنڈینٹ پولیس عمران اعوان نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ علاقے میں تجاوزات کے خلاف مہم جاری تھی اور اس سلسلے میں کسی گڑ بڑ سے بچنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری وہاں موجود تھی۔اس دوران وہاں ایک حملہ آور بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا ہے۔
انھوں نے بم دھماکے میں نو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔زخمیوں میں چھے پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے زخمیوں کو نزدیک واقع اسپتالوں میں منتقل کردیا ہے اور وہاں ایمرجنسی لگا دی گئی ہے۔
پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بم دھماکے کی جگہ کا گھیراؤ کر لیا ہےاور فورینزک ٹیموں نے بھی شواہد اکٹھے کرنے شروع کردیے ہیں۔ان کی تحقیقات کے بعد ہی بم دھماکے کی نوعیت کا پتا چل سکے گا۔