لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سینئر لیڈر اور ایم ایل سی رکن بکل نواب نے آج دونوں عہدوں سے استعفی دینے کے ساتھ ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہونے کے اشارہ دیے ۔
مسٹر نواب نے استعفی دینے کے بعد ‘یواین آئی’ سے کہا کہ ان کا سماج وادی پارٹی میں دم گھٹ رہا تھا۔ ایس پی پارٹی نہ رہ کر اب اکھاڑا بن گئی ہے ۔ انہوں نے باپ بیٹے (ملائم سنگھ یادو، اکھلیش یادو) کو ملانے کی کافی کوشش کی، لیکن دونوں ایک- دوسرے سے صلح کرنے کو تیار ہی نہیں ہیں۔ کارکن وہاں گھٹن محسوس کر رہے ہیں۔قانون ساز کونسل کے چیئرمین رمیش یادو کو صبح ہی سونپے استعفی میں انہوں نے کہا ہے کہ سماجوادی پارٹی میں اب ان کی رہنے کی خواہش نہیں ہے اس لئے وہ کونسل کی رکنیت سے بھی استعفی دے رہے ہیں۔تقریباً 40 برسوں سے عوامی زندگی بسر کر رہے مسٹر نواب کو ملائم سنگھ یادو کا قریبی سمجھا جاتا ہے ۔مسٹر نواب نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اچھا کام کر رہے ہیں۔ دونوں ہی سب کا ساتھ سب کا وکاس کی پالیسی پر چل رہے ہیں۔وزیر اعظم اور وزیر اعلی کی تعریف میں قصیدے پڑھ رہے مسٹر نواب کے بی جے پی میں شامل ہونے کے قیاس ہیں۔ مسٹر نواب کے ایک نزدیکی نے بتایا کہ بی جے پی صدر امت شاہ کی موجودگی میں وہ شام تک ہی بی جے پی کا دامن تھام سکتے ہیں۔قانون ساز کونسل میں ان کا دور اقتدار چھ جولائی 2022 تک تھا۔