کابل: افغانستان کے دارالحکومت میں واقع عراقی سفارت خانے پر کار بم دھماکے کے بعد فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ کافی عرصے سے یہاں تشدد اور دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے افغان پولیس کے حوالے سے بتایا کہ کابل میں عراقی سفارت خانے کے باہر کار بم دھماکا ہوا، جس کے بعد مسلح حملہ آوروں نے عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
افغان وزرات داخلہ کے ترجمان نجیب دانش کے مطابق سفارت خانے میں موجود تمام عراقی سفارت کاروں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جاچکا ہے۔
ترجمان وزرات داخلہ کی جانب سے خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ حملے میں تین مسلح حملہ آور ملوث تھے۔
دوسری جانب، سیکیورٹی ذرائع نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ سفارت خانے کے باہر ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔