ممبئی ۔ ؛ شہرہ آفاق اداکار دلیپ کمار ہنوز لیلاوتی ہاسپٹل کے اینٹینسیو کیر یونٹ میں زیرعلاج ہیں ۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کی صحت سے متعلق طبی پیچیدگیوں کے باوجود صحت مستحکم ہے ۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لیلاوتی ہاسپٹل ڈاکٹر سیتارام گاؤڑے نے کہا کہ دلیپ کمار کو ہنوز آئی سی یو میں رکھا گیا ہے ۔ ڈاکٹروں کی ٹیم ان کی صحت پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے ۔
ڈاکٹروں نے ابتداء میں دلیپ صاحب کو دواخانہ کے جنرل وارڈ میں رکھا تھا لیکن گردوں میں پیچیدگیاں پیدا ہونے کے بعد انہیں آئی سی یو منتقل کیا گیا ۔ انہیں گلوکوز دیا جارہا ہے ۔ پیشاب کی نالی میں انفیکشن کی وجہ سے ان کی صحت بگڑگئی ہے ۔ انہیں وینٹی لیٹر پر نہیں رکھا گیا ہے لیکن ان کی حالت بہتر نہیں ہے ۔
دواخانہ کے سی ای او ڈاکٹر روی شنکر نے کہا کہ ڈاکٹرس اور میڈيکل سپرنٹنڈنٹ کی صحت کا مسلسل معائنہ کررہے ہیں ۔ دہلی سے آنے والے ڈاکٹروں نے بھی ان کا معائنہ کیا ہے ۔ 94 سالہ بالی ووڈ اداکار کو حالیہ برسوں میں کئی میڈیکل پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ گزشتہ سال ہی شدیدبخار اور کمزوری کے باعث اپریل میں دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا ۔ ڈسمبر میں بھی انہیں لیلاوتی ہاسپٹل لایا گیا تھا ۔