لکھنؤ(نامہ نگار)کاکوری علاقہ میں رہنے والے ایک کسان کا آج دوپہر زمینی رنجش میں اس کے ہی پٹی داروں نے گولی مار کر قتل کر دیا۔ واردات کے بعد سبھی ملزم موقع سے فرار ہوگئے۔
ایس پی دیہات سومتر یادو نے بتایا کہ کاکوری کے جلیا مئو گاؤں کے ۵۰سالہ تلسی رام کا اپنے پٹی دار گاؤں کے ہی رہنے والے گجراج سے کافی عرصہ سے ۵بیگھا زمین کو لے کر تنازعہ چل رہا تھا۔ مذکورہ زمین پر گجراج فریق کا قبضہ بتایاجاتاہے۔ زمین کا تنازعہ عدالت میں بھی چل رہا ہے۔ سنیچر کی دوپہر تقریباً ۱۲بجے تلسی رام گھر کے نزدیک ہی بنے ہینڈ پائپ پر نہا رہا تھا اسی درمیان گجراج کا بیٹا سدھیر اپنے تین بھائیوں کے ساتھ وہاں پہنچا۔ یہ لوگ تلسی رام سے زمین کے تنازعہ کے سلسلہ میں الجھ گئے بات اتنی بڑھ گئی کہ سدھیر اوراس کے بھائیوں نے تلسی رام کو دو گولیاں ماردیں۔ گولی تلسی رام کے سینے پر لگی اور وہ لہو لہان ہو کر ہینڈ پمپ کے نزدیک ہی گر پڑا۔ اچانک فائرنگ کی آواز سن کر جیسے ہی گاؤں والے دوڑے ملزمان لوگوں کو دھمکی دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پہنچی کاکوری پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ تلسی رام کے قتل کے معاملہ میں ملزم سدھیر اور اس کے بھائیوں کے خلاف نامزد رپورٹ درج کرائی گئ
ی ہے پولیس ملزمان کی تلاش کر رہی ہے۔