لکھنؤ(نامہ نگار)مہانگر علاقہ میںسنیچر کی صبح ایک انجینئر کے گھر سے کباڑ کا سامان خرید رہے کباڑی نے جیسے ہی ایک ڈرائی بیٹری کو لوہے کی راڈ سے کچلا ویسے ہی اس میں زور دار دھماکہ ہو گیا۔ دھماکہ سے گھر میں لگی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور کباڑی بھی زخمی ہو گیا۔سی او مہانگر راجیش شریواستو نے بتایا کہ مہا نگر کی پیپر مل کالونی کے مکان نمبر-۸میں انجینئر کے کے کھرے اپنے کنبہ کے ساتھ رہتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ آج صبح نانپارہ بہرائچ کا رہنے والا کباڑی ۳۰سالہ وسیم انجینئر کے گھر کباڑ خریدنے کیلئے آیاتھا۔ کباڑی وسیم کو کباڑمیں کچھ بیٹریاں ملیں۔ وہ ایک لوہے کے راڈ سے بیٹری کو کچلنے لگا اسی درمیان اچانک ایک بیٹری میں زبردست دھماکہ ہو گیا۔ دھماکہ اتنا تیز تھا کہ مقامی لوگوں کو اس کی آواز واضح طور پر سنائی پڑی۔ دھماکہ سے کباڑی زخمی ہو گیا اور اچانک ہوئے دھماکہ سے علاقہ میں سنسنی پیدا ہو گئی لوگ جمع ہو گئے اطلاع ملتے ہی موقع پر مہا نگر انسپکٹر ستیش گوتم، سی او مہا نگر اور بم کو ناکارہ بنانے والا دستہ بھی پہنچ گیا۔ پولیس نے زخمی کباڑی کو ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا ۔ بم کو ناکارہ بنانے والے دستے نے جانچ کی تو پتہ چلا کہ دھماکہ ڈرائی بیٹری میں ہواتھا۔بیٹری کو لوہے کی راڈ سے کچلنے
کی وجہ سے دھماکہ ہوا۔ تفتیش کے بعد پولیس نے راحت کی سانس لی