ممبئی:ناگپور سے ممبئی آنے والی 1229 درونتوں ایکسپریس ٹرین کے نو ڈبے کلیان-اگت پوری سیکشن کے آسن گاؤں اور واسند کے درمیان آج صبح پٹری سے اتر گئے ۔ حالانکہ اس حادثہ میں پانچ افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ٹرین کے انجن اور نو کوچ صبح 6 بجکر 36 منٹ پر آسن گاؤں اور واسند کے درمیان پٹری سے اتر گئے ۔ 18 ایل ایچ بی کوچوں کی اس گاڑی کے حادثہ میں پانچ لوگوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ حالانکہ ریلوے کے مطابق کوئی بھی جانی نقصان نہیں ہوا ہے ۔ وسطی ریلوے کے منیجر، ڈویزنل منیجر اور اعلی افسران جائے حادثہ پر پہنچ چکے ہیں اور مسافروں کو دوسری گاڑی کے ذریعہ ممبئی روانہ کیا جارہا ہے ۔ ریلوے ٹریک سے کوچوں کو ہٹانے کا کام شروع ہوگیا ہے ۔ ریلوے بورڈ کے صدر اشونی لوہانی ، جنرل منیجر اور اعلی افسران مسلسل رابطے میں ہیں۔ یہ گاڑی ناگپور سے کل رات 8 بج کر 40 منٹ پر روانہ ہوئی تھی اور صبح 6 بجکر 33 منٹ پر گاڑی آسن گاؤں اسٹیشن سے روانہ ہوئی۔ محض تین منٹ بعد ہی گاڑی حادثہ کا شکار ہوگئی۔ جائے حادثہ سے ممبئی چھترپتی شیواجی ٹرمنس اسٹیشن تقریباً 80 کلو میٹر دور ہے ۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی وجوہات کا اب تک پتہ نہیں چل سکا ہے لیکن ایسا مانا جارہاہے کہ یہ حادثہ ، ممبئی اور آس پاس کے علاقوں میں مسلسل بارش ہونے اور ریلوے لائن پر تودے گرنے کے سبب پیش آیا۔ حالانکہ ریلوے ذرائع نے ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے ۔ ریلوے نے اس حادثے کے بعد ہیلپ لائن نمبر جاری کئے ہیں ۔ ۔ ممبئی چھتر پتی شیواجی ٹرمنس 022-22694040 ۔ کلیان ۔ 0251-2311499 ۔ دادر۔ 022-24114836 ۔ ناگپور۔ 0712-2564342 حادثے کی وجہ سے سینٹرل ریلوے کی ناسک اور پنے کی جانب جانے والی گاڑیوں اور لوکل گاڑیوں کی آمدروفت متاثر ہوئی ہے ۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے ۔