نئی دہلی: یوگ گر ورام دیو کے پتنجلی آیور ویدک کے صابن کے اشتہارات پر بمبئی ہائی کورٹ کے بعد اب دہلی ہائی کورٹ نے بھی عبوری روک لگا دی ہے ۔ ہائی کورٹ نے یہ فیصلہ ڈیٹال صابن بنانے والی کمپنی ریکٹ بکنسر کی درخواست پر سنایا ہے ۔
کمپنی کے ترجمان نے ہائی کورٹ کے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ “ہم پتنجلی کے صابن کے اشتہارات پر عبوری روک لگانے میں کامیاب رہے ۔ یہ معاملہ ابھی عدالت میں ہے ، اسی وجہ سے فی الحال ہم مزید کوئی تبصرہ نہیں کریں گے “۔ کمپنی نے الزام لگایا تھا کہ پتنجلی آیور ویدک کے اشتہار میں اس کے ڈیٹال صابن کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔
اس کے علاوہ ہندوستان یونی لیور نے بھی اس اشتہار پر روک لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے بمبئی ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔ ایچ یو ایل کا کہنا تھا کہ اس اشتہار میں اس کے صابن برانڈ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ اس پر ہائی کورٹ نے کل پتنجلی آیور ویدک کو ہدایت دی کہ آئندہ سماعت تک اشتہارات کو بند کیا جائے ۔ اس معاملے کی آئندہ سماعت 18 ستمبر کو ہو گی۔ پتنجلی کے اس اشتہار میں لکس، پیئرس، لائف بوائے اور ڈوو کا نام لے کر بالواسطہ طور سے صارفین کو کہا جاتا ہے کہ ‘کیمیکل پر مبنی صابن’ کا استعمال نہ کریں اور قدرتی مصنوعات اپنائیں۔ پتنجلی کا یہ اشتہار دو ستمبر سے نشر ہو رہا ہے ۔